اسلام آباد (سب نیوز)اسپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا کی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے خیر سگالی ملاقات ، وزیر ثقافت اورنگزیب کھچی نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کے درمیان ثقافتی و تاریخی تعاون کو نئی وسعت دینا ہماری ترجیح ہے، پاکستان گندھارا ورثے، آثارِ قدیمہ، عجائب گھروں اور ثقافتی تبادلوں میں اسپین کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کا خواہاں ہے، لوک میلہ پاکستان اور اسپین کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس کرانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، اسپین کو بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہیں،علامہ اقبال کے افکار اسپین میں مقبول ہیں، اقبالیات، تراجم اور جامعات کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا،ثقافت قوموں کو قریب لانے کا موثر ذریعہ ہے، پاکستان اور اسپین کے تعلقات کو ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے مزید مضبوط بنائیں گے۔
اسپین کے سفیر نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ بے مثال ہے، ثقافت اور آثارِ قدیمہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، علامہ محمد اقبال کی فلسفیانہ تصانیف کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ کیا جا رہا ہے، اقبال اسپین سے گہرا فکری تعلق رکھتے ہیں، پشاور اور ٹیکسلا کے عجائب گھروں میں گندھارا تہذیب کا شاندار ورثہ دیکھ کر بے حد متاثر ہوا،اسپین میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کے ساتھ ثقافتی، ادبی، تعلیمی اور عجائب گھروں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
