اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی اصلاحات و تنظیمِ نو کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کی نجکاری کے پہلے مرحلے کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات، سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے کیے گئے روڈ شوز، اور نجکاری کمیشن کی تنظیمِ نو کے حوالے سے بہترین افرادی قوت کی شمولیت پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مؤثر، جامع اور شفاف حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد، بہترین عالمی طریقۂ کار اور منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیمِ نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں تاکہ ادارے کی استعدادِ کار میں اضافہ ہو اور ملکی اداروں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک کامیاب روڈ شوز منعقد کیے گئے، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے مختلف مراحل میں اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل کنسلٹنٹس کی تجاویز سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نجکاری کے پورے عمل میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے بعد متعلقہ اداروں میں صارفین کی شکایات کے مؤثر اور بروقت ازالے کے لیے جامع انتظامی ڈھانچہ بھی قائم کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل بجلی کی ترسیلی کمپنیوں گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی پیدا کرنے کے لیے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک روڈ شوز کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں منعقدہ روڈ شوز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
