ہوماسلام آبادشہر اقتدار میں موسلادھار بارش، راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، اسپل ویز کل صبح کھولنے کا فیصلہ

شہر اقتدار میں موسلادھار بارش، راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، اسپل ویز کل صبح کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کی حد کے قریب پہنچ گئی جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1748.30 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ پانی کے دباو کو معمول پر رکھنے کے لیے اسپل ویز ہفتہ کی صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور موثر رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔