اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے پراتفاق کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیر پیٹرولیم نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی اور توانائی تعاون کو مضبوط بنانے میں سفیر خضر فرہادوف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی سوکار کے درمیان تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان مشترکہ وژن کے تحت توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں بہترمستقبل کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں اور باہمی تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اپنے سفارتی دور کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے ملنے والے تعاون، اعتماد اور روایتی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اورمستقبل میں بھی یہ تعاون مزید فروغ پائے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
