اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن(پی پی اے)کے چیئرمین عبدالباسط سے ملاقات کی، جس میں پولٹری شعبے کو درپیش مسائل اور اس کی پائیدار ترقی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کوآرڈینیٹر کو صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا، جن میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی)، سپلائی چین میں حائل رکاوٹیں اور دیگر ایسے عوامل شامل تھے جو اس شعبے کی مسابقتی صلاحیت کو متاثر کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پولٹری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
رانا احسان افضل خان نے پاکستان کی معیشت میں پولٹری شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پختہ اور مستحکم صنعت ہے، جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے اختتام پر باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ تجارت اور اقتصادی ترقی سے متعلق امور پر حکومت اور صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت سے چیئرمین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی ملاقات، پولٹری شعبے کی ترقی پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
