اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی)اور سی ڈی اے مزدور یونین نے وفاقی دارالحکومت کو مزید صاف، منظم، کاروبار دوست اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش شہر بنانے کے لیے باہمی ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے صدر اورنگزیب خان اور سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یسین کی قیادت میں ایک وفد کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا گیا۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار معاشی استحکام کا انحصار مثر شہری اداروں اور مضبوط کاروباری سرگرمیوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری شہری سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کار دوست ماحول ہی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے سی ڈی اے ملازمین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی تعمیر، خوبصورتی اور دیکھ بھال میں ان کا کردار قابلِ ستائش ہے، اور آئی سی سی آئی اسلام آباد کی اجتماعی ترقی کے لیے تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یسین نے پرتپاک استقبال پر آئی سی سی آئی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی فلاح اور تجارت و صنعت کا فروغ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے مزدور یونین کے درمیان مثر رابطہ شہری اور کاروباری مسائل کے بروقت حل میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ڈی اے مزدور یونین جمہوری، آئینی اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت کی تعمیر، ترقی اور خوبصورتی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اس لیے انہیں باوقار ماحول، بہتر سہولیات اور فلاحی اقدامات فراہم کیے جائیں، جبکہ ملازمین سے متعلق تمام معاملات یکطرفہ فیصلوں کے بجائے بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔آئی سی سی آئی فاونڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق اور سابق صدر خالد جاوید نے کہا کہ شہری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ ہی معیاری شہری خدمات کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی ضمانت ہے۔
پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود اور ایڈیشنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد رضوان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر مرزا محمد علی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر شہری مسائل کے حل، مزدوروں کی فلاح اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔ تقریب کی نظامت سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کی، جبکہ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، ملک نجیب، سابق سینئر نائب صدر ملک نوید، نائب صدر اشفاق چٹھہ، چیئرمین ریئل اسٹیٹ کمیٹی اسرار الحق مشوانی، مختلف ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، سی ڈی اے مزدور یونین کے سرپرستِ اعلی حاجی صابر، سپریم لیڈر مرزا سعید سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ادارہ جاتی تعاون ہی اسلام آباد کی ترقی کی بنیاد ہے، صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
