اسلام آباد(سب نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں جرمنی کی سفیر، محترمہ اِینا لیپل، اور جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیکلٹی ایکسچینج پروگرام پر عملدرآمد اور پاکستان و جرمنی کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے فیکلٹی کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور پاکستانی طلبہ کے لیے مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ذریعے بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جرمنی کی سفیر محترمہ اِینا لیپل نے دونوں ممالک کے درمیان فروغ پاتے ہوئے تعلیمی روابط کو سراہا اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے لیے جرمنی کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ اس پروگرام کے تحت جرمن فیکلٹی اراکین پاکستان کی جامعات میں مختصر مدت کے تدریسی فرائض انجام دے سکیں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
