کراچی: (آئی پی ایس) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسی ماہی گیر کشتی کو بچانے کیلئے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمورنے کامیاب آپریشن میں سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بھی بحفاظت ریسکیو کیا، ماہی گیر کشتی گوادرسے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس گئی تھی۔
کشتی پر سوار عملے کے تمام 19افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے کو بحفاظت بچا لیا گیا
جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹرنے سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن کیلئے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا، پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اورطبی امداد فراہم کی، سمندر میں انجن کی خرابی کے باعث پھنسی ہوئی کشتی کو پاک بحریہ نے بحفاظت ساحل تک منتقل کیا۔
یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔
