جدہ(خالد نواز چیمہ)پاکستان انوسٹر فورم جدہ کے عہدیداران کی قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی سے اہم ملاقات، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور نئے کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال
جدہ: پاکستان انوسٹر فورم جدہ کے عہدیداران اور ممتاز پاکستانی کاروباری شخصیات نے قونصل جنرل پاکستان جدہ جناب سید مصطفیٰ ربانی سے ان کی تعیناتی کے بعد پہلی باضابطہ ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار، مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ، پاکستانی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل اور دونوں برادر ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ڈپٹی قونصل جنرل فرینہ ارشد، کمرشل قونصلر سعدیہ خان اور فہد چوہدری بھی شریک تھے، جبکہ پاکستان انوسٹر فورم کے وفد کی قیادت فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول نے کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک، غلام مصطفیٰ گجر، فضل میمن، فضل منیر، عمر مسعود پوری، سجاد خان، علی خورشید ملک اور خالد نواز چیمہ سمیت دیگر ممتاز کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر صدر پاکستان انوسٹر فورم چوہدری شفقت محمود دھول نے فورم کی اب تک کی نمایاں کامیابیوں، مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انوسٹر فورم سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل، نئے کاروباری مواقع کی تلاش، باہمی روابط کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ سوڈان اور دیگر کامیاب کاروباری منصوبوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی کوشش ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں، تاکہ پاکستانی کاروباری برادری عالمی سطح پر مزید مؤثر کردار ادا کر سکے اور پاکستان کے لیے نئی معاشی راہیں ہموار ہوں۔
وفد کے دیگر اراکین نے بھی اپنے خیالات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل، حکومتی اداروں کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنانے، کاروباری سہولیات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی نے پاکستان انوسٹر فورم کی خدمات اور سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو ہر ممکن تعاون، رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ قونصلیٹ جدہ، پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، تاکہ سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کار مزید اعتماد کے ساتھ اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دے سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان انوسٹر فورم کے عہدیداران نے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی، ڈپٹی قونصل جنرل فرینہ ارشد، کمرشل قونصلر سعدیہ خان اور قونصلیٹ کی پوری ٹیم کا ملاقات کے لیے قیمتی وقت دینے، مثبت سوچ، خلوص، بھرپور تعاون اور پاکستانی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی پر دلی شکریہ ادا کیا۔
وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کی متحرک قیادت میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ اور پاکستان انوسٹر فورم کے درمیان تعاون کا یہ مضبوط رشتہ مزید مستحکم ہوگا، جس کے نتیجے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل ہوں گی، جبکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو بھی مزید سہولیات اور بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
یہ ملاقات پاکستان انوسٹر فورم جدہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی، جو نہ صرف مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور نئے کاروباری مواقع کی تلاش کے لیے بھی ایک مثبت اور مؤثر پیش رفت ثابت ہوگی۔
پاکستان انوسٹر فورم جدہ کے عہدیداران کی قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی سے ملاقات، پاک، سعودیہ تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
