ہومبریکنگ نیوزنوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد:(سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی، جس میں یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے مختلف اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی خاطر موثر اور جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی )، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ہنر مند افرادی قوت ملک کی معیشت، صنعت اور معاشرتی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مستقبل کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔