بشکیک(آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقائی امن، اقتصادی روابط، سفارت کاری اور باہمی تعاون پر پاکستان کا مقف پیش کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں بھی کیں اور 2027 میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی پاکستان میں میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 23 اور 24 جولائی کو کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔چولپون آتا پہنچنے پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایرکینوف تورسنکولوف، وزارت خارجہ کے اعلی حکام، کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی زئی اور ایس سی او کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار ڈاکٹر محمد فیصل نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولو بائیف کی جانب سے ثقافتی مرکز نوماد میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی، جبکہ بعد ازاں انہوں نے کرغزستان کے صدر جباروف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی نیک تمناں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان و کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
