اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) سے متعلق یورپی یونین کی حالیہ رپورٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ میں پاکستان کی اصلاحات اور پیش رفت کو مناسب انداز میں پیش نہیں کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان یورپی رپورٹ میں قانون سازی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور جی ایس پی پلس کے تحت 27 بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے اعتراف کا خیر مقدم کرتا ہے، تاہم مجموعی جائزہ متوازن نہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں 2014 سے اب تک پاکستان کی وسیع اصلاحات کو کم اہمیت دی گئی ہے، جبکہ چند شعبوں میں مطلوبہ رفتار سے کم پیش رفت پر غیر متناسب زور دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جی ایس پی پلس پاکستان اور یورپی یونین کے اقتصادی تعلقات کا اہم ستون ہے، جس سے برآمدات، روزگار، خواتین کی معاشی شمولیت، غربت میں کمی اور مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی کمیشن اور دیگر یورپی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے گا اور بین الاقوامی معاہدوں پر مثر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
