لاہور (سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے ایسے بیانات دیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے، جبکہ ان کے بیان پر عوام میں انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے، سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری قابل قبول نہیں۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ہے تو سب کچھ قائم ہے۔ پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی سیاست دفن ہو چکی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مسائل پر انہوں نے کبھی تنقید نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ نورین نیازی کی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور مسلم لیگ ن کی خواتین رہنماوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا ہر ورکر ملکی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ کارکن ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے، جبکہ وہ کارکنوں کی جانب سے دی گئی عزت کے مشکور ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر بنے گا پاکستان، جبکہ دنیا بھر کے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہجرت کرنے والوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیا جائے گا۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، جلا وگھیراو اور تشدد کی سازش کو بھی ناکام بنایا جائے گا، جبکہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
