ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی ملاقات

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے اسلام آباد میں انکی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، کھیلوں کے فروغ، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عامر خان کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت، صلاحیت اور عزم کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں، اس لیے کھیلوں کی سرپرستی اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی کیریئر میں مختلف محکموں کے وزیر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دی ہیں اور وہاں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔

اس موقع پر عامر خان نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی شناخت اور فخر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی فلاح، کھیلوں کے فروغ اور پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں علی سید اور عامر خان کے خاندان کے افراد بھی موجود تھے ۔ انھوں نے بتایا کہ کراچی میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے لئے اکیڈمی اور کمپلیکس کا قیام زیر غور ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں ۔ ملاقات میں عامر خان نے سیاسی سرگرمیوں کے آغاز کے حوالے بھی اگاہ کیا اور کہا کہ وہ سیاست میں آکر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے انکی اس خواہش کو سراہا اور تعریف کی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔