اسلام آباد (سب نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)نے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی)کے اشتراک سے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اسلام آباد میں قائم بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کاروباری برادری کو حکومت کے اس فلیگ شپ ون ونڈو اقدام سے روشناس کرانا تھا، جو سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے، مختلف سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کو موثر بنانے اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری و ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار علی نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر پاکستان میں سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کو اس انداز میں تشکیل دیا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف سرکاری اداروں کی خدمات باآسانی میسر آسکیں، جس سے انہیں الگ الگ دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کمپنی رجسٹریشن، کاروبار کے قیام، سرمایہ کاری کی منظوری، لائسنسنگ، ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل، دستاویزی امور، ٹیکس سے متعلق رہنمائی اور متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطے سمیت متعدد خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مربوط نظام نہ صرف غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کرے گا بلکہ شفافیت، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔ذوالفقار علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جدید، موثر اور فوری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر اور اس کے ڈیجیٹل پورٹل سے بھرپور استفادہ کرے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو تیز تر بنانے اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔اس سے قبل آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے معزز مہمانوں اور شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نجی شعبے کی ترقی کے لیے شفاف، مثر اور آسان سرکاری خدمات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر جیسے اقدامات محض انتظامی اصلاحات نہیں بلکہ ایسے اسٹریٹجک اقدامات ہیں جو پاکستان کو زیادہ مسابقتی اور سرمایہ کار دوست معیشت بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو مزید بہتر بنانے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی معیشت کو زیادہ مضبوط اور مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔بعد ازاں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے منیجر بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر صبیح الحسین وارثی نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے تفصیلی تکنیکی بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکا کو بی ایف سی کے ڈیجیٹل پورٹل، اس کے طریق کار، دستیاب سہولیات اور اس اقدام کے تحت حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا۔آخر میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرمایہ کاروں کی سہولت، کاروباری ماحول میں بہتری اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ اپنا مثر تعاون جاری رکھے گا۔تقریب میں مس آسیہ جہاںگیر خان، سابق صوبائی وزیر، معروف کاروباری شخصیت اور خواتین کے حقوق کی علمبردار، مس حنا رزاق، اسسٹنٹ رجسٹرار سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، مس ثمہ گل، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، وسیم چوہدری اور ذوالقرنین عباسی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سینئر اراکین مس صدف عاصم اور مس رابعہ راحیل، آئی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سوشل موبلائزیشن اینڈ کمیونیکیشن کے چیئرمین کاشف قریشی، نائب چیئرپرسن مس مقدس چوہدری سمیت صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اسلام آباد چیمبر میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر بارے آگاہی سیشن
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
