ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ٹام فلیچر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ٹام فلیچر کی ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز) اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور و ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر، ٹام فلیچر نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے دنیا بھر میں پیچیدہ انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے رابطہ انسانی امور (OCHA) کی جانب سے انجام دی جانے والی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی معاونت پر OCHA کا شکریہ ادا کیا اور ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں ادارے کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قومی اور صوبائی اداروں نے گزشتہ برسوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی قدرتی آفات سے نمٹنے کی اپنی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑھتے ہوئے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیاری، مزاحمتی صلاحیت اور تمام سطحوں پر باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ٹام فلیچر نے ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور OCHA کے درمیان گزشتہ برسوں سے جاری قریبی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پائیدار امن ہی جنگوں سے پیدا ہونے والے انسانی اور معاشی بحرانوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران ٹام فلیچر نے وزیراعظم کو غزہ کی انسانی صورتحال اور وہاں امدادی سرگرمیوں کے دوران OCHA کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے OCHA کی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی انسانی تعاون کے فروغ، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور متاثرہ و کمزور طبقات تک امداد کی بروقت فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور OCHA کے ساتھ اپنا قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔