نیویارک (آئی پی ایس )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے انھیں قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکہ فوری طور پر ایران پر ہزاروں میزائل داغ دے گا۔سنیچر کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی حکومت دنیا کے مختلف حصوں میں بارہا دہرائی گئی اس دھمکی پر عمل کرتی ہے کہ وہ امریکہ کے موجودہ صدر یعنی مجھے قتل کرے گی یا قتل کرنے کی کوشش کرے گی تو اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب پہلے ہی ایک ہزار میزائل نشانے پر رکھے جا چکے ہیں اور ان کے فورا بعد مزید ہزاروں میزائل بھی داغے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت میں احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں اور امریکی فوج ایک سال کے عرصے کے لیے، جس میں ضرورت پڑنے پر توسیع بھی کی جا سکتی ہے، ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے تیار، پرعزم اور مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعرات کو امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے امریکہ کے ساتھ نئی انٹیلی جنس معلومات شیئر کی ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان سے صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کے ایرانی منصوبے کا اشارہ ملتا ہے۔
لیکن رپورٹ میں یہ واضح نہیں ہے کہ خفیہ معلومات کب یا کس ذریعے سے پہنچائی گئی تھیں۔بی بی سی مانیٹرنگ کے مطابق اسرائیلی اخبارات میں یہ معاملہ کئی روز سے شہ سرخیوں میں ہے۔ گذشتہ روز یعنی 10 جولائی کو اسرائیلی میڈیا نے ان رپورٹس کو نمایاں کوریج دی جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے امریکہ کو ایسی انٹیلی جنس معلومات فراہم کی ہیں جن کے مطابق ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔تاہم، اسرائیل کے درمیانی رجحان رکھنے والے چینل 12 نے رپورٹ کیا کہ امریکی حکام ان معلومات کو نہ تو فوری خطرہ سمجھ رہے تھے اور نہ ہی ان کی بنیاد پر فوری کارروائی کو ضروری قرار دے رہے تھے۔
