ہومبریکنگ نیوزکے پی حکومت کا اراکین اسمبلی کی نئی مراعات اور بلیو پاسپورٹ کیلیے کی گئی ترامیم واپس لینے کا اعلان

کے پی حکومت کا اراکین اسمبلی کی نئی مراعات اور بلیو پاسپورٹ کیلیے کی گئی ترامیم واپس لینے کا اعلان

پشاور(آئی پی ایس ) خیبرپختونخوا حکومت اراکین اسمبلی کی مراعات ایکٹ میں ترامیم سے پیچھے ہٹ گئی اور بلیو پاسپورٹ سمیت اراکین اسمبلی کی نئی مراعات کے لیے کی گئی ترامیم واپس لینے کا اعلان کردیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں تنخواہیں اور مراعات کے حوالے سے قانون میں ترامیم کرتے ہوئے ارکان اسمبلی اور ان کے اہل خانہ کے لیے بلیو پاسپورٹ کی سہولت مانگی گئی لیکن سوشل میڈیا پر اس قانون کی شدید مخالفت کی گئی جس پر وزیراعلی سہیل آفریدی نے قانون میں کی گئی ترامیم کو واپس لینے کی ہدایت کی۔

وزیر اطلاعات شفیع جان نے اراکین اسمبلی مراعات ایکٹ سے متعلق صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین کے ہمراہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت آج صوبائی کابینہ اراکین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کی ہدایات اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے اراکین اسمبلی مراعات ایکٹ کی تمام قابل اعتراض شقیں واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام قابل اعتراض شقوں کو 1988 کے ایکٹ کے مطابق بحال اور درست کیا جائے گا، پیر کے روز ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں تمام پارلیمانی لیڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فارم 45 کی حکومت عوام کے حقیقی مینڈیٹ سے قائم ہوئی ہے، اس لیے حکومت ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرے گی جو عوامی امنگوں کے منافی ہو، شفیع جان نے کہا کہ حکومت صحافی برادری اور عوام کی تمام تحفظات کو سنے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔