اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں اور عالمی شراکت داروں کو انسدادِ پولیو مہم مزید موثر اور تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ہے۔
یہ ہدایات وزیراعظم نے جمعرات کو اسلام آباد میں پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے 7 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔وفد کی قیادت روٹری کے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن کر رہے تھے، جبکہ گیٹس فانڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیویلپمنٹ کرس ایلائیس، ڈبلیو ایچ او مشرقی بحیرہ روم کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی اور پاکستان میں انسدادِ پولیو کے دیگر عالمی شراکت داروں کے نمائندے بھی وفد میں شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ انسدادِ پولیو مہم میں تعاون پر تمام بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے عزم پر ثابت قدم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک اہم قومی ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اور شراکت دار باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔انہوں نے خاص طور پر جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس میں موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فانڈیشن، عالمی ادار صحت، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن، امریکا اور دیگر عالمی شراکت داروں کی جانب سے انسدادِ پولیو کے لیے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹرعائشہ رضا فاروق، نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات اور حالیہ نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وفد نے پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات،ملک سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
