ہومتازہ تریننائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی متعلقہ حکام کو ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی متعلقہ حکام کو ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)فالو اپ کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان کی آئندہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ اور 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کی ستمبر 2026 سے 2027 تک ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ اور 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ذیلی کمیٹیوں نے اجلاس کے مقام، رہائش، سیکیورٹی، مالی امور، میڈیا مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ اور وفود کے لیے لاجسٹک انتظامات سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متعلقہ ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان کو تیاریوں کا کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس فورم کے فیصلوں پر موثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اسے قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔