ہومتازہ ترینگروپ کیپٹن عاصم طارق شہادت کیس، ملزم سعد عباسی شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل

گروپ کیپٹن عاصم طارق شہادت کیس، ملزم سعد عباسی شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل

اسلام آباد(سب نیوز) گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت نے مرکزی ملزم سعد عباسی کو 14 روزہ شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجا نوید اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ پولیس نے ملزم سعد عباسی کو سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔عدالت نے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے شناخت پریڈ مکمل ہونے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور ملزم کو 20 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔دوران سماعت، تفتیشی افسر نے کہا ملزم سعد عباسی کو شناخت پریڈ پر بھیجنا ہے۔ پراسیکیوٹر رانا نوید نے کہا کہ کیس میں دو چشم دید گواہ بھی ہیں۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیوں کیا ہے یہ کام؟ ملزم سعد عباسی نے جواب دیا کہ میں لڑکی کے ساتھ تھا اور بندہ آکر ہمیں ڈسٹرب کر رہا تھا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ڈسٹرب کیا، کیا اچھا کام کر رہے تھے، جو ڈسٹرب کیا۔پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے قتل کا مقدمہ کمانڈنٹ ایئر ہیڈکوارٹر کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم ایک خاتون کو ہراساں کر رہا تھا، جس پر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے مداخلت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی فعل سے روکا۔ الزام ہے کہ ملزم نے افسر کو دھمکیاں دیں، موقع سے موٹر سائیکل پر فرار ہوا، پھر یوٹرن لے کر واپس آیا اور گروپ کیپٹن کی گاڑی کے قریب پہنچ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور شناخت پریڈ کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔