کراچی (سب نیوز)ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ساتھیوں اور گورنر شپ سمیت دیگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھیں گے۔
فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ساتھیوں، آرٹیکل 140 اے، سندھ کی گورنر شپ اور اربن ڈیولپمنٹ پیکج جیسے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ایم کیو ایم پاکستان جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک خط لکھے گی اور اپنے 22 اراکین کے لیے اپوزیشن بینچوں پر جگہ بنانے کی درخواست کرے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2022 میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دستخط کیے ، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اس معاہدے کے ضامن اور گواہ تھے، آخری وارننگ ہے، وزیر اعظم معاہدے پر عمل درآمد کروائیں۔رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے لیے انتظامی یونٹ بنائیں، فاروق ستار نے دعوی کیا کہ پیپلز پارٹی نے بتایا ہے گورنر سندھ کو ہٹانے میں ان کا ہاتھ نہیں ہے، وفاق اس معاملے پر وضاحت کرے۔
