(آئی پی ایس )اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں انتظامی، مالی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور میں مسلسل ملنے والے شکایات اور کراچی میں انتظامیہ کے خلاف جاری اساتذہ کے احتجاج کے بعد تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔یہ کمیٹی چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد کے احکامات پر بنائی گئی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں گزشتہ قائم کی گئی ایک کمیٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 29 اگست 2025 کے نوٹیفکیشن نمبر 15-54/A&C/2019/HEC(Coord)/671 کے ذریعے تشکیل دی گئی۔کمیٹی کی طرف سے گورننس اور ہیومن ریسورس آڈٹ کے تسلسل کے بعد اب اردو یونیورسٹی کے گورننس، مالیاتی انتظام اور انتظامی امور کے حوالے سے مسلسل خدشات کے پیش نظر چیئرپرسن ایچ ای سی نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو یونیورسٹی کے معاملات اور انتظامی شکایات کا فالو اپ جائزہ لے گی خاص طور پر پہلے کے آڈٹ کے دوران جانچے گئے معاملات اور اس سلسلے میں مزید اقدامات کی سفارش بھی کرے گی۔
کمیٹی کے اراکین میں ایچ ای سی کے مشیر برائے آئی ٹی نذیر حسین، آفتاب رشید جوائنٹ سیکرٹری (PT)، M/o FE&PT، حمید نیازی جوائنٹ سیکرٹری (HE)، M/o FE&PT، حماد بن سیف اسسٹنٹ ڈائریکٹر (کوآرڈینیشن) ایچ ای سی شامل ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی سابقہ تحقیقات میں سامنے آنے والے مسائل کے جائزے کے ساتھ ساتھ اردو یونیورسٹی کی موجودہ گورننس، مالی، تعلیمی، انسانی وسائل اور انتظامی امور کا جائزہ لے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا اس میں نشاندہی کی گئی خامیاں برقرار ہیں یا اس میں کسی قسم کی بہتری یا ابتری رونما ہوئی ہے۔
یہ کمیٹی اس نوٹیفکیشن کی تاریخ سے 30 دنوں کے اندر ایک ضمنی رپورٹ جمع کروائے گی جس میں موجودہ حقیقت پسندانہ صورتحال اور گورننس کی کمی کے حوالے سے نئے مشاہدات اور اس ضمن میں سفارشات پیش کرے گی۔
