ہومتازہ ترینکمبوڈیا جانے کی کوشش ناکام، عمرہ ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ بنانے والا مسافر اسلام آباد ائرپورٹ پر آف لوڈ

کمبوڈیا جانے کی کوشش ناکام، عمرہ ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ بنانے والا مسافر اسلام آباد ائرپورٹ پر آف لوڈ

اسلام آباد:(سب نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے پر سعودی عرب کے راستے کمبوڈیا جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافر اپنی والدہ کے ہمراہ فلائٹ ای ڈی-272 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔ تاہم سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ مسافر کو اس سے قبل بھی 14 اپریل 2026 کو کمبوڈیا جاتے ہوئے آف لوڈ کیا جا چکا تھا۔

حکام کے مطابق مسافر کے موبائل فون کی فرانزک جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ وہ ایک ایجنٹ کے ساتھ کمبوڈیا روانگی کے حوالے سے مسلسل رابطے میں تھا۔ موبائل فون سے برآمد ہونے والے وائس نوٹس اور چیٹ ریکارڈ سے یہ بھی سامنے آیا کہ منصوبے کے تحت والدہ کی واپسی کے بعد وہ عمرہ ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کمبوڈیا روانہ ہونا چاہتا تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ رسک پروفائل کے مطابق بھی مسافر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، جبکہ موبائل فون سے ملنے والے شواہد نے اس کے کمبوڈیا روانگی کے ارادے کی تصدیق کر دی۔

ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔