ہومبریکنگ نیوزسرگودھا: زیادتی کرکے 14 سالہ لڑکے کو زندہ دفن کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

سرگودھا: زیادتی کرکے 14 سالہ لڑکے کو زندہ دفن کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

سرگودھا: (آئی پی ایس) سرگودھا کے علاقے جھال چکیاں میں پولیس نے ان 2 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر ایک نوجوان لڑکے کو اس وقت زندہ دفن کر دیا جب اس نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی کے بارے میں اپنے گھر والوں کو بتایا۔
اس خوفناک جرم کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک راہگیر نے زمین سے باہر نکلتا ہوا لڑکے کا ہاتھ دیکھا، جس پر مقامی لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔
انہوں نے مٹی کھودنا شروع کی تو نوجوان تشویشناک حالت میں ملا، مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد لڑکے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او سرگودھا شعیب اشرف کے مطابق 14 سالہ لڑکے کو تقریباً 20 دن قبل جھال چکیاں کے علاقے میں 3 ملزمان نے مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنایا تھا، ملزمان نے لڑکے کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو اس واقعے کے بارے میں بتایا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شعیب اشرف نے مزید بتایا کہ ملزمان کو بعد میں معلوم ہوا کہ لڑکے نے اپنے رشتہ داروں کو واقعہ سے آگاہ کر دیا ہے اور ان کے نام بتا دیے ہیں، ملزمان نے لڑکے کو اغوا کیا اور اسے جھال چکیاں کے ایک سنسان علاقے میں زندہ دفن کر دیا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے 2 مرکزی ملزمان کا سراغ لگا کر مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا ہے، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ایک اور ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ متاثرہ لڑکے کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

یہ واقعہ سرگودھا میں ایک 7 سالہ بچی کے قتل کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، جس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پولیس کے مطابق اس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔

سرگودھا پولیس نے بتایا تھا کہ اس کیس کا مرکزی ملزم، جو مبینہ طور پر پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا تھا، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔