اسلام آباد: (آئی پی ایس) حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کے پانچ دنوں میں اب تک ایک لاکھ 7 ہزار پانچ 587 افراد نے رجسٹریشن مکمل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ’پہلے آئیں، پہلے پائیں‘ کی بنیاد پر حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل مسلسل چھٹے دن بھی کامیابی سے جاری ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ ابتدائی 5 دنوں کے دوران ہی ملک بھر سے 1 لاکھ 7 ہزار 587 افراد نے گھر بیٹھے اپنی حج رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے، اور یہ بلاتعطل سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ ہونے والے افراد میں سے 85 ہزار درخواست گزاروں نے سرکاری جبکہ 22 ہزار نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا ہے۔
اس کے علاوہ 56 ہزار افراد نے لانگ حج پیکیج کو ترجیح دی ہے، جبکہ 51 ہزار زائرین نے شارٹ حج پیکیج کا انتخاب کیا ہے، اب تک درخواست جمع کرانے والوں میں 63 ہزار مرد اور 44 ہزار خواتین شامل ہیں۔
رجسٹریشن کی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 51,000 افراد ، سندھ میں 33,000 افراد ، خیبرپختونخوا میں 15,000 افراد ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5,500 ، بلوچستان میں 2,000 ، آزاد کشمیر میں 600 اور گلگت بلتستان میں 02 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔
