جدہ (آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سعودی عرب کے اہم صوبے تبوک کے گورنر، شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے ٹیلیفون کر کے امریکا ایران امن مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ان کے اورسعودی عرب کے صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلفون پر انتہائی اہم گفتگو ہوئی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق گورنر تبوک کے ساتھ ہونے والی اس گفتگو میں نہایت گرمجوشی، والہانہ پن اور روایتی خیرسگالی کا مظاہرہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق اس موقع پر گورنر تبوک نے امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے کامیاب حصول میں پاکستان کے کلیدی اور غیرمعمولی سفارتی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور عالمی سطح پر پاکستان کی اس سفارتی کامیابی کو سراہا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ انہوں نے مبارکباد اور نیک تمناں کا اظہار کرنے پر گورنر تبوک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی ان مخلصانہ امن کوششوں کا واحد مقصد خطے میں دائمی امن، استحکام اور تعمیری ماحول کا فروغ ہے، جس میں سعودی عرب سمیت دیگر تمام برادر اسلامی ممالک کی مسلسل اور مضبوط حمایت ہمیشہ کی طرح نہایت اہم ثابت ہوئی ہے۔

