واشنگٹن (سب نیوز)امریکا نے سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ایران کو تیل کی پیداوار اور فروخت کی اجازت دے دی ہے، اور 60روز کے لیے لائسنس جاری کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس عارضی لائسنس کے تحت 21 اگست تک ایران میں پیدا ہونے والے خام تیل، پیٹروکیمیکل مصنوعات اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت ہوگی۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان حتمی امن معاہدے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی وزیر خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہاکہ سوئٹزرلینڈ میں جاری مثبت مذاکرات کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز میں آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مذاکراتی فریم ورک کے تحت محکمہ خزانہ نے 60 روز کے لیے ایک عارضی جنرل لائسنس جاری کیا ہے، جس کے ذریعے ایرانی تیل کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے واشنگٹن اور تہران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے مطابق امریکا نے ایرانی خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور ان سے متعلقہ مصنوعات کی برآمد کے لیے چھوٹ دینے پر بھی اتفاق کیا تھا۔ اس رعایت میں بینکاری لین دین، انشورنس اور نقل و حمل سمیت تمام متعلقہ خدمات شامل ہیں۔محکمہ خزانہ کے مطابق پیر کو جاری کیے گئے جنرل لائسنس کے تحت ایران سے پیدا ہونے والا خام تیل، پیٹروکیمیکل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات امریکا درآمد کی جا سکیں گی۔ لائسنس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ فروخت یا ترسیل کا عمل مکمل کرنے کی ضرورت کے تحت ایرانی تیل امریکا لایا جا سکتا ہے۔
تاہم امریکی محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ جنرل لائسنس شمالی کوریا یا کیوبا سے متعلق کسی بھی قسم کے لین دین کی اجازت نہیں دیتا، کیونکہ دونوں ممالک پر امریکا کی سخت اقتصادی پابندیاں بدستور نافذ ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزر لینڈ میں مذاکرات ہوئے، جس کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ہم نے فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی ہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے بھرپور سفارتکاری کی، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
سوئٹزر لینڈ مذاکرات کے مثبت نتائج، امریکا نے ایران کو تیل کی پیداوار اور فروخت کی اجازت دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

