گلگت (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے گلگت بلتستان اسمبلی میں رکن اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ وزیراعلی منتخب ہو گئے ہیں۔ امجد حسین ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ہیں جنہوں نے وزیراعلی گلگت بلتستان کے لیے اپنے کاغذات جمع کرائے تاہم ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔
اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی عمران ندیم اسپیکر جبکہ مسلم لیگ ن کے ممبر اسمبلی کفایت الرحمان بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔مسلم لیگ ن نے اعلان کیا تھا کہ ہم وزیراعلی گلگت بلتستان کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے تاہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے، اسی فارمولے کے تحت مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئے ہیں۔
امجد حسین ایڈووکیٹ 2016 سے پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ہیں اور حالیہ عام انتخابات میں انہوں نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ گلگت ایک سے کامیابی حاصل کی۔امجد حسین ایڈووکیٹ ایک معروف وکیل ہیں اور گلگت بلتستان کے قانونی و آئینی معاملات پر گرفت رکھتے ہیں۔ وہ 2020 سے 2025 تک گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن رہے، جبکہ 2009 سے 2014 تک جی بی کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
وہ خطے کے واحد سیاست دان ہیں جنہوں نے 2020 میں گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں 2 حلقوں، جی بی اے ون گلگت اور جی بی اے 4 نگر سے الیکشن لڑا۔ اس وقت وفاق میں پیپلز پارٹی اپوزیشن میں تھی، اس کے باوجود امجد حسین دونوں نشستوں پر کامیاب ہوئے، اور بعد میں نگر سے جیتی گئی نشست چھوڑ دی۔امجد حسین ایڈووکیٹ 2020 سے 2023 تک تحریک انصاف کے خالد خورشید کی سربراہی میں قائم حکومت کے دوران گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے۔امجد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز ایکٹ کے محرک بھی تھے، جسے 2025 میں گلگت بلتستان اسمبلی نے منظور کیا، اس قانون کا مقصد مقامی افراد کو زمینوں کا مالک بنانا تھا۔انہوں نے 2016 میں حق حکومت اور حق ملکیت کی سیاسی تحریک شروع کی، جو بعد میں پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ بنی۔
امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینے کے حامی رہے ہیں۔امجد حسین ایڈووکیٹ کی یہ بڑی سیاسی کامیابی ہے کہ مرکز میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنانے میں کامیاب، امجد ایڈووکیٹ بلامقابلہ وزیراعلی منتخب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

