اسلام آباد (آئی پی ایس )ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت پاکستان کو 700 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے درمیان انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت 700 ملین ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی جانب سے ملنے کی اس رقم میں سے 250 ملین ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کیے جائیں گے، معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد پاکستان کے مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور اس میں جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اڑان پاکستان اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے انشورنس شعبے کی ترقی سے متعلق پانچ سالہ روڈ میپ کی معاونت کرے گا۔محمد حمیر کریم نے مزید کہا کہ یہ پروگرام قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی اور قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جس سے مالیاتی نظام کی بہتری اور پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے کہا کہ یہ ایک اہم اور انقلابی نوعیت کا پروگرام ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کے داخلے کو آسان بنانا اور صنعت میں منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت سرکاری اثاثوں کے بیمہ میں نجی انشورنس کمپنیوں کی شمولیت کو بھی بڑھایا جائے گا۔ حسین حیدر نے بتایا کہ اس پروگرام سے انشورنس شعبے کا ریگولیٹری نظام مزید مضبوط ہوگا جبکہ صارفین کے تحفظ کے اقدامات بھی مثر بنائے جائیں گے جس سے شعبے کی مجموعی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

