اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے رائٹ آف وے بل 2026 پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو نجی جائیداد پر زبردستی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت آئی ٹی نے بیان میں کہا کہ رائٹ آف وے قانون کے تحت نجی زمین کا جبری حصول ممکن نہیں، جائیداد مالکان کو اعتراض، مذاکرات اور معاوضے کا مکمل حق حاصل ہوگا اور مالک کی اجازت یا قانونی عمل کے بغیر ٹیلی کام کمپنی نجی پراپرٹی میں داخل نہیں ہو سکتی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ رائٹ آف وے اصلاحات کا مقصد فائبر نیٹ ورک اور براڈبینڈ انفرا اسٹرکچر کی تیز توسیع ہے، مجوزہ جرمانے صرف معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر لاگو ہوں گے جبکہ قومی اسمبلی سے منظور رائٹ آف وے بل 2026 سینیٹ کمیٹی میں زیر غور ہے۔مزید بتایا گیا کہ فائبرائزیشن میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے شفاف قانونی فریم ورک متعارف کرایا جا رہا ہے، ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور انٹرنیٹ معیار بہتر بنانے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔وزارت آئی ٹی نے اپنے مقف میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ رائٹ آف وے فریم ورک شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دے گا۔

