اسلام آباد: (سب نیوز) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا حقِ دفاع بحال کرتے ہوئے نظرثانی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہتکِ عزت کیس سے متعلق اہم فیصلہ سنایا، جس میں بانی پی ٹی آئی کو قانونی طور پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا دوبارہ موقع مل گیا ہے۔
جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو بعد ازاں جسٹس عائشہ ملک نے مختصر طور پر سنایا۔ عدالت نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ دیتے ہوئے حقِ دفاع بحال کرنے کا حکم دیا۔
فیصلے کے حق میں دو ججز نے اتفاق کیا جبکہ ایک جج نے اختلافی نوٹ تحریر کیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا حقِ دفاع ختم کرنے کا سابقہ حکم واپس لے لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتکِ عزت کیس سے متعلق ہے، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان فریق ہیں۔ فیصلے کے بعد قانونی ماہرین کے مطابق کیس کی آئندہ کارروائی میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
