Wednesday, June 10, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ تریناسلام آباد چیمبر آف کامرس اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان شراکت داری پر اتفاق

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان شراکت داری پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان پاکستانی کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار(ایس ایم ایز )، کی ڈیجیٹل برآمدی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے پر اہم اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ادارے جلد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے۔مجوزہ شراکت داری کے تحت آئی سی سی آئی کے اراکین کو علی بابا ڈاٹ کام پر خصوصی آن بورڈنگ پیکیجز فراہم کیے جائیں گے جبکہ پاکستانی ایس ایم ایز کی ڈیجیٹل برآمدی استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی اور استعداد کار میں اضافے کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔

یہ پیش رفت علی بابا ڈاٹ کام کے جنرل منیجر ایشیا پیسیفک مسٹر شان ینگ کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ہوئی، جہاں انہوں نے اسلام آباد کی کاروباری برادری کے ساتھ ایک خصوصی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ ان کے ہمراہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے علی بابا ڈاٹ کام کی کنٹری منیجر محترمہ سمر گا بھی موجود تھیں۔ فریقین نے باہمی رابطے اور طے شدہ اقدامات پر مثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر شان ینگ نے پاکستان کو بے پناہ مواقع کی حامل مارکیٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ سے زائد آبادی، نوجوان اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ افرادی قوت اور مضبوط صنعتی بنیاد پاکستان کو عالمی تجارت میں نمایاں مقام دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام پاکستانی سپلائرز کے لیے عالمی منڈیوں میں وسیع امکانات دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ “ہم آئی سی سی آئی جیسے معتبر مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستانی کاروباری اداروں کو تربیت، آن بورڈنگ سپورٹ اور عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں موثر انداز سے مقابلہ کر سکیں۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور سروسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کاروباری اداروں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی محض ایک نمائندہ ادارہ نہیں بلکہ پاکستان کے نجی شعبے اور عالمی کاروباری دنیا کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ اشتراک پاکستان کے برآمدی شعبے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے مقامی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری پاکستان کے لیے کروڑوں ڈالر مالیت کی نئی برآمدی مواقع پیدا کر سکتی ہے اور آئی سی سی آئی اس سلسلے میں علی بابا ڈاٹ کام کا قابل اعتماد ادارہ جاتی شراکت دار بننے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔محترمہ سمر گا نے اپنے خطاب میں کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام پاکستان کی کاروباری برادری کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں، مثر ٹولز اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرکے انہیں کامیاب عالمی برآمد کنندگان بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس دورے کو پاکستان کے نجی شعبے اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان مزید گہرے اور نتیجہ خیز تعاون کا آغاز قرار دیا۔کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابرار الحق نے آئی سی سی آئی اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان مجوزہ شراکت داری کو کاروباری افراد، برآمد کنندگان، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔اس موقع پر سوال و جواب کی ایک جامع نشست بھی منعقد ہوئی جس میں شرکا نے پاکستان میں ای کامرس کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور عالمی ڈیجیٹل تجارت سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، راجہ نوید ستی اور وسیم چوہدری، آئی سی سی آئی ،آئی ٹی، ٹیلی کام و کمپیوٹر ہارڈویئر کمیٹی کے کنوینر اعزاز محمد، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر محمد عثمان سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔