Sunday, June 7, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانآزاد کشمیرمیں آزادانہ، منصفانہ الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، طارق فضل چودھری

آزاد کشمیرمیں آزادانہ، منصفانہ الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، طارق فضل چودھری

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی اپنی مدت پوری کر چکی ہے،آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات حکومت نے تسلیم کئے، آزاد کشمیر میں بجلی 3 روپے فی یونٹ اور آٹے سمیت تمام اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کیلئے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دی ، کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا، 12 نشستیں بند کمرے میں بیٹھ کر ختم نہیں کی جا سکتیں۔ عدالت نے بھی واضع کر دیا کہ یہ آئینی نشستیں قانون سازی کے بغیر ختم نہیں کی جا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کا امن تباہ کرنا چاہتی ہے، بجلی کے میٹرز کیلئے ای ٹینڈرنگ کا مطالبہ بھی تسلیم کیا گیا، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا چکے ہیں، وفاق نے آزاد کشمیر میں صحت کارڈ کا اجرا بھی کر دیا ہے، آزادکشمیر کے تمام ضلعی اسپتالوں میں مشینری نصب کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کابینہ کی تعداد کم کرکے 20 کی گئی ہے، محکموں کی تعداد میں کمی کا مطالبہ بھی پورا کر دیا گیا ہے، میرپور ایئرپورٹ کی فعالیت کیلئے اتھارٹیز کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹنلز کی تعمیر سمیت کوئی بھی بڑاترقیاتی منصوبہ چند دنوں میں مکمل نہیں ہوسکتا ، منصوبوں میں مقامی افراد کوروزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، درمیانے اور طویل مدت منصوبوں کیلئے ہر چند ماہ بعد احتجاج مناسب نہیں۔اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مہاجرین نشستیں ختم نہیں کی جا سکتیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خوداردیت کی بات کی، ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہئے جس سے کشمیر کامقدمہ کمزور ہو۔انہوں نے کہا کہ کسی کومعلوم نہیں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔