اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لیے الیکشن کمیشن متحرک ہو گیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے ضروری دستاویزات اور ڈیٹا فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت داخلہ اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار تمام ریکارڈ فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود کے نوٹیفکیشن تاحال موصول نہیں ہوئے جبکہ یونین کونسلز کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشن بھی الیکشن کمیشن کو درکار ہے۔
الیکشن کمیشن نے ٹاؤن کارپوریشنز کے اپ ڈیٹ شدہ نقشے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور مطلوبہ ریکارڈ تین روز کے اندر جمع کرانے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کے عمل کے لیے ضروری ڈیٹا طلب کیا گیا ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر الیکشن کمیشن نے تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں سے فوری تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطلوبہ دستاویزات کی عدم فراہمی سے حلقہ بندیوں کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔

