نیویارک (آئی پی ایس) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جمہوریہ چیک، پرتگال اور کولمبیا کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے جمہوریہ چیک کے وزیرِ خارجہ پیٹر میکینکا سے ملاقات کی جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اوپن بریفنگ سیشن کے موقع پر ہوئی۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان بڑھتے تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ اسحاق ڈار نے سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں مزید وسعت پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا، رہنماؤں کا اعلیٰ سطح کے روابط تیز کرنے اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار کی پرتگالی وزیر خارجہ سے ملاقات
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی پرتگال کے وزیرِ خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقوامِ متحدہ کے فورم پر تعاون پر گفتگو کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پرتگال کے وزیرِخارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے پرتگالی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کولمبیئن ہم منصب سے ملاقات
بعدازاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کولمبیا کی وزیر خارجہ روزا یولانڈا ولاویسینسیو سے ملاقات ہوئی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشترکہ رکنیت کے تناظر میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی و عالمی امور پر کولمبیا کے اصولی مؤقف کو سراہا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطین کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کا سفارتکاری، مذاکرات اور یو این چارٹر کی پاسداری کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان اور کولمبیا کے درمیان اعلیٰ سطح روابط اور ادارہ جاتی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

