تل ابیب: (آئی پی ایس) اسرائیل کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ محمد عودہ کو غزہ سٹی میں ایک فضائی حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ غزہ سٹی میں 26 مئی کی شب ایک فضائی حملے میں حماس کے نئے عسکری سربراہ محمد عودہ کو شہید کیا گیا۔
حماس کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے تصدیق یا تردید کے لیے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
محمد عودہ حماس کے سابق انٹیلی جنس سربراہ تھے اور انہیں عزالدین الحداد کی شہادت کے بعد القسام بریگیڈز کا سربراہ بنایا گیا تھا۔
عز الدین الحداد مئی کے شروع میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے، مگر حماس کی جانب سے محمد عودہ کو نیا سربراہ مقرر کرنے کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں کہا کہ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کو غزہ میں نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ محمد عودہ کو کئی ماہ کی انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے بعد نشانہ بنایا گیا۔

