استنبول: (آئی پی ایس) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں “ظالم” قرار دیا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق استنبول کی چاملیجا مسجد میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نیتن یاہو نامی ظالم کو دنیا بھر کے مسلمان مناسب جواب دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق صدر اردوان نے منگل کے روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا، جس میں ترکیہ اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ترکیہ جنگ بندی مذاکرات کے مثبت نتائج یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

