Saturday, May 23, 2026
ہومکھیلشاہ زیب خان ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

شاہ زیب خان ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

پاکستانی فائٹر شاہ زیب خان نے تاشقند میں جاری ایشین مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انہوں نے فلپائن، چین اور قازقستان کے مضبوط حریفوں کے خلاف شاندار فتوحات حاصل کرتے ہوئے یہ اہم کامیابی حاصل کی۔

یہ ایونٹ صرف ایک چیمپئن شپ نہیں بلکہ ایک اہم کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے جو بڑے ملٹی اسپورٹس ایونٹس جیسے ایشین گیمز، جاپان کے مارشل آرٹس ایونٹس اور ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز 2026 (سعودیہ) کے لیے ہے، جس کی وجہ سے شاہ زیب خان کی یہ کامیابی پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

شاہ زیب خان، جو پہلے ہی ایشین چیمپئن اور ایم ایم اے ورلڈ چیمپئن شپ کے برانز میڈلسٹ رہ چکے ہیں، اب اس ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر اپنے بین الاقوامی کیریئر کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے شاہ زیب خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور بہترین ٹریننگ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی کوششوں کو بھی سراہا جو اعلیٰ سطح کی تیاری میں مسلسل کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید اعتماد کا اظہار کیا کہ شاہ زیب خان اپنی موجودہ فارم اور تجربے کی بنیاد پر فائنل میں بھی کامیابی حاصل کریں گے اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر قومی پرچم بلند کریں گے۔ فیڈریشن نے قوم سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان کی کامیابی کے لیے دعا کریں

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔