Friday, May 22, 2026
ہومتازہ ترینوزیراعظم شہباز شریف کل 4 روزہ تاریخی دورے پر چین روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف کل 4 روزہ تاریخی دورے پر چین روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر کل چین روانہ ہوں گے، جہاں وہ پاک چین 75 سالہ تعلقات کی تکمیل کے تناظر میں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر کل سے چین کا چار روزہ انتہائی اہم اور سرکاری دورہ کریں گے۔
اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین سدابہار اسٹریٹیجک شراکت داری، سی پیک کے دوسرے مرحلے اور تجارتی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کُن نے وزیراعظم کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان اور چین کو “سدابہار اسٹریٹیجک شراکت دار اور بہترین دوست” قرار دیا ہے۔
چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے ہمیشہ ہر امتحان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور سی پیک کے تحت باہمی تعاون کے بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ممالک کی روایتی دوستی اور ہر شعبے میں تعاون مزید گہرا ہوگا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ اور ہینگجو (صوبہ ژی جیانگ) کا دورہ کریں گے ، جہاں وزیراعظم بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے تناظر میں منعقدہ خصوصی کانفرنس اور تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم دورے کے دوران مشہور چینی کمپنی ’علی بابا‘ کے سربراہ سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔
اس دورے کا ایک اہم ترین پہلو معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دورے کے دوران ایک بڑی بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پاکستان سے 80 سے زائد مایہ ناز کاروباری شخصیات اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔
اس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ نئے دور میں دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کو ایک نئی سمت فراہم کرے گا اور اس سے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔