اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں سیاسی و انتظامی امور اور خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خطے کی مجموعی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کیا گیا ہے اور ریاست و پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 500 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ سیاح خطے کا رخ کریں۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مزید کہا کہ ہر علاقے میں اسکولوں اور کالجز کے قیام کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مسائل کے حل سے متعلق پیش رفت پر استفسار کیا اور ہدایت دی کہ تمام مسائل کے حل کے لیے عوامی نمائندوں اور متعلقہ فریقین سے مشاورت جاری رکھی جائے تاکہ مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسی بھی عوامی مسئلے کو نظرانداز نہیں کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رہیں گی۔
