اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے اعلی سول افسران کے ایک وفد کا وزارت خارجہ میں خیر مقدم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ وفد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت 3 ہفتوں پر مشتمل ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام میں شرکت کے لیے پاکستان آیا ہے، جو سول سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقد کیا جا رہا ہے۔53برس بعد ہونے والا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا آغاز نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کے اگست 2025 میں ڈھاکہ کے دورے کے دوران کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے آئندہ 5 برسوں میں بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 وظائف دینے کا اعلان کیا تھا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اب تک 74 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان کی مختلف جامعات میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہاکہ اس نوعیت کے تبادلے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی مثبت پیشرفت کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
