واشنگٹن: کیلیفورنیا میں گورنر کے امیدوار محمد عارف نے کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو کی مسجد میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔
کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو کے اسلامک سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں محافظ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد مبینہ طور پرخودکشی کرلی تھی۔مذکورہ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کیلیفورنیا میں گورنر کے امیدوار محمد عارف نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول عمل ہے اور ایسے واقعات معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہیں۔
انہوں نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ محمد عارف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، برداشت اور امن کے قیام کے لیے مل کر کام کریں۔
