Sunday, May 17, 2026
ہومتازہ تریناسپیکر قومی اسمبلی کا سینئر صحافی، دانشور اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسین قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسپیکر قومی اسمبلی کا سینئر صحافی، دانشور اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسین قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد:(آئی پی ایس) ؛ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ممتاز صحافی، معروف کالم نگار، دانشور اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم الطاف حسین قریشی کی صحافت، ادب اور قومی شعور کی بیداری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین قریشی نے اپنی تحریروں، فکری بصیرت اور اصولی صحافت کے ذریعے کئی نسلوں کی رہنمائی کی ہے۔ ان کا شمار پاکستان کی صحافت کے اُن معتبر ناموں میں ہوتا ہے جنہوں نے قومی و ملی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ الطاف حسین قریشی کے انتقال سے صحافت اور علمی دنیا ایک مدبر، بااصول اور صاحبِ فکر شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم کی صحافتی، ادبی اور فکری خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔