اسلام آباد: (آئی پی ایس) آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن جیف کرونے ڈھاکا ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو سزا سنا دی۔
آئی سی سی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے مقررہ وقت میں 8 اوورز کم کروائے، جس پر ٹیم کے خلاف آرٹیکل 2.22 کے تحت کارروائی کی گئی۔
قانون کے مطابق ایک اوور کم ہونے پر ہر کھلاڑی پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، اسی بنیاد پر قومی کھلاڑیوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
علاوہ ازیں، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آرٹیکل 16.11.2 کی خلاف ورزی پر پاکستان ٹیم کے 8 چیمپئن شپ پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے، کیونکہ قانون کے تحت ہر کم اوور پر ایک پوائنٹ منفی کیا جاتا ہے۔
قومی کپتان شان مسعود نے ٹیم کی غلطی تسلیم کر لی، جس کے بعد آئی سی سی نے مزید سماعت کی ضرورت نہیں سمجھی۔
یہ چارج آن فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹل برو اور کمار دھرما سینا، تھرڈ امپائر اللہ الدین پالیکر اور چوتھے امپائر غازی سوہل کی جانب سے عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ڈھاکا ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل سے سلہٹ میں شروع ہوگا۔
