ہومبریکنگ نیوزفیفا آسیان فٹبال کپ، تاریخی ڈیبیو میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست

فیفا آسیان فٹبال کپ، تاریخی ڈیبیو میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست

ٹوکیو (آئی پی ایس )پاکستان فٹبال ٹیم کو اپنے تاریخی فیفا آسیان فٹبال کپ مہم کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔تھائی لینڈ کے اسٹرائیکر تیراساک پوئی فیمائی نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کر کے اپنی ٹیم کی یکطرفہ جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔میچ کے ابتدائی نصف گھنٹے میں پاکستانی ٹیم نے بہترین دفاعی حکمت عملی اپنائی اور بہتر رینکنگ والی تھائی لینڈ کی ٹیم کے حملوں کو روکے رکھا۔

محب اللہ اور علی رضا نے شاندار ٹیکلز کے ذریعے حریف کھلاڑیوں کو گول کرنے سے باز رکھا جبکہ گول کیپر یوسف بٹ نے بھی ایک شاندار ڈائیو لگا کر تھائی لینڈ کی کوشش ناکام بنا دی۔تاہم جلد ہی پاکستان کا یہ دفاعی حصار ٹوٹ گیا جب یوسف کے روکے گئے ایک شاٹ پر پوئی فیمائی نے پھرتی دکھاتے ہوئے ری بانڈ پر پہلا گول داغ دیا اس گول کے محض 10 منٹ بعد پاکستانی کپتان عبداللہ اقبال کی ایک غلط پاسنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھائی لینڈ کے جوڈ بیل سون سپ نے قریب سے گیند کو جال کی راہ دکھا کر برتری کو 0-2 کر دیا۔ اس کے فورا بعد تھائی لینڈ نے تیسرا گول بھی کیا جسے ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں قومی کوچ نولبرٹو سولانو نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے شائق دوست، حیان خٹک اور عالمگیر غازی کو میدان میں اتارا۔ان تبدیلیوں سے پاکستان کے کھیل میں قدرے جارحیت آئی اور فل بیکس محمد فضل اور حارث علی زیب نے آگے بڑھ کر حملے کیے۔ اسی دوران عبدالصمد ارشد ایک گول کرنے کے انتہائی قریب پہنچے لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ کے بالکل قریب سے باہر چلا گیا۔کھیل کے 60 ویں منٹ میں تھائی لینڈ نے ایک بار پھر پاکستانی ڈیفنس کو چکما دیا اور پوئی فیمائی نے ایک شاندار والی پر اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔

میچ کو بچانے کے لیے تجربہ کار کلیم اللہ خان کو بھی میدان میں بلایا گیا، لیکن تھائی لینڈ کی گرفت مضبوط رہی۔ میچ ختم ہونے سے 6 منٹ قبل دفاعی غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پوئی فیمائی نے اپنا تیسرا گول اسکور کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ گروپ بی کے اس افتتاحی میچ میں شکست کے بعد اب پاکستانی ٹیم کو منگل کے روز فلپائن کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے سے قبل اپنی خامیوں پر تیزی سے قابو پانا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔