اسلام آباد (سب نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کرینگے اور ہڑتال کا آپشن بھی موجود ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق تیل کی قیمت 271بنتی ہے مگر 117روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز لگاکر عوام کو 415 روپے فی لیٹر پیٹرول مل رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں قیمتیں نہیں بڑھیں، جنگ کے اثرات کیا صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟ ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی اور گیس پر فکس چارجز لگائے گئے ہیں، تین سال میں بجلی کے ٹیکسز کی مد میں 19کھرب روپے وصول کے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ 100میں سے 15آئی پی پیز سے حکومت نے ڈیل کیا، باقی آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، یہ اپنی کرپشن کیلئے آئی پی پیز کے معاہدوں میں توسیع کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 15مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کریں گے جبکہ ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے۔
