Sunday, May 10, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کا وزیراعلی خیبرپختونخوا سے رابطہ، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم کا وزیراعلی خیبرپختونخوا سے رابطہ، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلند درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاق کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاک افواج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔