اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ عیدگاہ شریف کے پیر حسن حسیب شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی، بین المذاہب رواداری، علاقائی و عالمی صورتحال اور درپیش قومی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، مشترکہ حکمتِ عملی اور اجتماعی سوچ ناگزیر ہو چکی ہے، جبکہ تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی طبقات کو ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے علما کرام کے قومی وحدت اور پاکستان کی سلامتی کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے گزشتہ برس مئی میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا بھرپور اور مثر جواب دیا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج قومی وقار، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی علامت ہیں۔مفتی منیب الرحمن اور پیر حسن حسیب شاہ نے سید یوسف رضا گیلانی کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
