جدہ(نمائندہ خصوصی)چیئرمین میڈیا گروپ پہچان پاکستان ذکیر بھٹی کی جانب سے پاکستان جرنلسٹ فورم کے اراکین کے اعزاز میں ایک پروقار دعوت کا اہتمام کیا گیا، جس میں جدہ میں مقیم ممتاز صحافیوں، میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب صحافتی برادری کے اتحاد، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ محبت کی خوبصورت علامت بن گئی۔
تقریب کا آغاز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا سے کیا گیا، جبکہ معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان، بالخصوص سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاک افواج نے بے مثال قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔شرکا نے شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کا عظیم سرمایہ ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان امن، وقار اور آزادی کے ساتھ قائم ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہدا کا لہو ہمیشہ قوم کے ماتھے کا جھومر رہے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر ذکیر بھٹی نے پاکستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان سمیت شاہد نعیم، خالد نواز چیمہ، جمیل راٹھور، معروف حسین اور چوہدری ریان احمد متیال کو خصوصی کتابیں پیش کیں، جبکہ نمایاں صحافتی خدمات پر شیلڈز اور میڈلز بھی دیے گئے۔ خالد نواز چیمہ کو صحافتی میدان میں مثر کردار اور کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں خصوصی میڈل اور شیلڈ سے نوازا گیا، جبکہ شاہد نعیم کو ذمہ دارانہ صحافت پر شیلڈ پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے، جس کی بنیاد سچائی، دیانتداری اور قومی مفاد پر قائم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جرنلسٹ فورم مثبت اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابیوں، شہدائے وطن کے بلند درجات اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
